بدھ 5 اگست 2026 - 15:29
یومِ شہادتِ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ

حوزہ/ یومِ شہادتِ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے موقع پر امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیت، محرابپور سندھ نے ان کی دینی، ملی اور انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے فکر و پیغام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 5 اگست 1988ء پاکستان کی مذہبی، ملی اور انقلابی تاریخ کا ایک المناک دن ہے۔ اسی روز ملتِ جعفریہ پاکستان کے عظیم قائد، جرأت و بصیرت کے پیکر، وحدتِ امت کے داعی اور مظلوموں کی توانا آواز شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کو ایک سفاکانہ دہشت گرد حملے میں شہید کر دیا گیا۔ اگرچہ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ وہ ایک شخصیت کو خاموش کر دے گا، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس نے ایک ایسی فکر کو جنم دیا جو آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہے۔

5 اگست، یومِ شہادتِ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے اس موقع پر امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیت، محرابپور سندھ کے مرکزی جنرل سیکریٹری مھتاب علی شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ:شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے اپنی پوری زندگی اسلام، قرآن، سنتِ رسول ﷺ اور تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے احیاء، امتِ مسلمہ کے اتحاد، وطنِ عزیز پاکستان کے استحکام اور مظلوموں کی حمایت کے لیے وقف کر دی۔ آپ نے اپنے علم، بصیرت، تقویٰ، اخلاص اور بے مثال جرأت کے ذریعے حق، انصاف اور اسلامی اقدار کی سربلندی کے لیے ایسی جدوجہد کی جو آج بھی اہلِ حق کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیت اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ شہید قائد کے فکر و پیغام، وحدتِ امت، خدمتِ دین اور خدمتِ انسانیت کے مشن کو عام کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، اور نوجوان نسل کی علمی، اخلاقی اور دینی تربیت کے ذریعے ان کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر ہم بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے درجات بلند فرمائے، ان کی عظیم قربانیوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اور ہمیں حق، عدل، وحدت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

شہید قائد کا فکر ہماری شناخت، ان کی قربانی ہمارا سرمایہ، اور ان کا مشن ہماری ذمہ داری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha